اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کی الحشد الشعبی تنظیم نے اربعین حسینی کے موقع پر سات محوری سیکیورٹی و خدماتی منصوبے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ زائرین کی حفاظت کے لیے 70 بریگیڈز پر مشتمل 54 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
عراقی سرکاری خبر رساں ادارے (واع) کے مطابق، الحشد الشعبی کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے آپریشنز یاسر حسین العیساوی نے منگل کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ فورسز سرحدوں، کربلائے معلیٰ جانے والے تمام راستوں اور مختلف سیکیورٹی محاذوں پر تعینات کی گئی ہیں تاکہ زائرین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وسطی فرات کے صوبوں میں تین مرکزی کمانڈ ہیڈکوارٹر قائم کیے گئے ہیں، جبکہ الحشد الشعبی کے تمام انتظامی اور لاجسٹک شعبے دیگر سیکیورٹی اداروں اور کمیٹی برائے میلیونی زیارات کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ادھر الحشد الشعبی کے وسطی فرات آپریشنز کے کمانڈر علی الحمدانی نے بتایا کہ ان کی کمانڈ کے تحت 24 ہزار 450 اہلکار 577 سیکیورٹی مقامات پر تعینات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ زائرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 500 سے زائد میڈیکل ٹیمیں اور مراکز بھی مختلف راستوں پر قائم کیے گئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ